• news

 پاکستان کسی بھی قسم کے نا مسائد حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا، پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز و روحانی پیشوا پیر نقیب الرحمن نے کہا ِ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے جس کی تعظیم و تکریم ہم سب پر فرض ہے۔وطنِ عزیز پاکستان جو ہمارا گھر اور ہماری چھت ہے وہ کسی بھی قسم کے نا مسائد حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا دین اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں ۔ اس ماہِ مبارک کے دوران وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی کے قیام اور آپس میں باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے و یگانگت کو فروغ دینے کے لئے ہم سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہر قسم کے انتشار اور تعصب کے خاتمے کے لئے ضروری ہے تمام مقدسات کا مکمل ادب و احترام کیا جائے، اپنے مسلک کو نہ چھوڑیں اور دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پرپیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین، نئے ہجری سال کے آغاز پر پوری امتِ کی حفاظت اور اقوامِ عالم میں اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ پانے اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آباد کاری کیلئے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن