• news

دائودی بوہرہ کمیونٹی کا سالانہ اجتماع کراچی میں شروع 

کراچی(کامرس رپورٹر) دائودی بوہرہ کمیونٹی کے اجتماع میں شرکت کے لیے انڈیا سے بوہرہ کمیونٹی کی آمد کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے، پاکستان نے بوہرہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 16 ہزار کے قریب بھارتیوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔دائودی بوہرہ کمیونٹی کا اجتماع 7 جولائی سے کراچی میں شروع ہوگیا ہے۔ اجتماع میں شرکت کے لیے بھارت سے بوہرہ کمیونٹی کی واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان آمد کا سلسلہ چند روز قبل شروع ہوا تھا جو اتوار کے روز بھی جاری رہا۔ امیگریشن اورکسٹم کلیئرنس کے لیے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔بوہرہ کمیونٹی کے افراد کو واہگہ بارڈر سے خصوصی  بسوں کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔ پاکستان آنے والے افراد میں نوجوان مرد وخواتین سمیت بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔بھارت کی بوہرہ کمیونٹی کے افراد کے لیے واہگہ بارڈر پر اسپیشل میڈیکل کیمپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بھارتی مہمانوں کو اسپیشل سیکیورٹی کے ساتھ کراچی روانہ کیا گیا۔ واہگہ امیگریشن ذرائع کے مطابق روزانہ چارسے پانچ ہزار افراد کا پراسیس مکمل کیا گیا۔دائودی بوہرہ کمیونٹی کا اجتماع 16 جولائی تک کراچی میں جاری  رہے گا۔ اجتماع میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 39 ہزار کے قریب بوہرہ کمیونٹی کے لوگ پاکستان پہنچے ہیں جو پاکستان میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن