• news

سیاسی جماعتیں اپنے کاموں میں لگی ہیں کسی کا ایجنڈا عوام نہیں: حافظ نعیم 

لاہور( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے سیاسی جماعتیں اپنے کاموں میں لگی ہوئی ہیں،کسی کا ایجنڈا عوام نہیں۔حکمران آئی ایم ایف کا کہہ کر مہنگائی بڑھاتے ہیں،ظلم کا نظام اور اشرافیہ کی مراعات ختم ہونی چاہیے۔پاکستان بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کر رہے ہیں،12 جولائی کو عوام کے حقوق کے لیے دھرنا دے رہے ہیں۔جاگیرداراور وڈیرے ٹیکس نہیں دیتے جبکہ تنخواہ دار طبقے کو تختہ مشق بنایا گیا ہے۔آئی ایم ایف کے بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔حکومت کو ہر صورت میں بجلی کے بلوں میں کمی اور ظالمانہ ٹیکسز کو واپس لینا ہو گا۔جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کو تباہ کیا گیا،حکومت کسانوں سے گندم خریدنے سے انکار کرتی رہی اور اب آٹے کا بحران پیدا ہوا۔شوگر ملز گنا خریدنے کے بعد کسانوں کو پیسے نہیں دیتی۔صوبے کے نام پر جنوبی پنجاب کے کسانوں کا استحصال کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع راؤ محمد ظفر، صہیب عمار صدیقی اور ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران عوام کے نہیں ہمیشہ اپنے بارے میں سوچتے ہیں۔حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر آئے روز بجلی مہنگی کررہی ہے۔ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ لندن، امریکہ، دبئی بھاگ جائیں گے جب عوام نکلتے ہیں تو ائیرپورٹ کا راستہ بھی نہیں ملتا۔ پی ڈی ایم ٹو کو مسلط کردیا گیا،ملک کے چھوٹے کاشتکاروں کو تباہ کردیاگیا ہے، حکومت کسانوں سے گندم خریدنے سے انکار کرتی رہی اور اب ملک میں آٹے کا بحران سر اٹھا رہا ہے،گندم سکینڈل میں ملوث کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن