نئے کارخانے لگیں گے تو معیشت بہتر ،ملک ترقی کرے گا :چوہدری شافع حسین
لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاؤ الدین کے صدر ایس ایم حیدر رضا نقوی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل پربات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے کارخانے لگیں گے تو معیشت بہتر ہوگی اور ملک آگے بڑھے گا حکومت صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور صنعتکاری کے عمل میں تیزی لانے میں سنجیدہ ہے، ایکسپورٹرز پر ٹیکس کے خاتمے کی تجویز وفاقی حکومت کو بھجوائی ہے۔انہوں نے کہا کہ منڈی بہاؤ الدین کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اور ٹیوٹا کے اداروں میں بہتری لائی جائے گی،انرولمنٹ بڑھانے کیلئے رسول ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے ایکٹ میں ترمیم کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گجرات میں عالمی معیار کا فرنیچر کالج اور نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنے گی اور گجرات کو عالمی معیار کا سیورج سسٹم اور معیاری روڈ انفراسٹرکچر دیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انڈسٹری کے مسائل کا واحد حل سولر انرجی پر منتقلی ہے، پنجاب کے صنعتی مراکز کی سولر انرجی پرمنتقلی کے کام کا آغاز کردیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے حکومت سپورٹ فراہم کر رہی ہے، انڈسٹری کی بحالی کے لئے صنعتکار حکومت کی قرضہ کی سکیموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، صنعتکاروں نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ، بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، ٹیکسز اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،ڈائریکٹر پیسک اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفد میں ایوان صنعت و تجارت حافظ آباد کے صدر صالح محمد رانجھا اور دیگر صنعتکار شامل تھے۔