• news

الیکشن ٹریبونل کاجواب جمع نہ کرانے پر لیگی رہنمافضل چوہدری‘خرم نواز پر20‘20ہزار جرمانہ  

 اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن ٹریبونل اسلام آباد نے جواب جمع نہ کرانے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور راجا خرم نواز پر 20، 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے انہیں آئندہ سماعت سے قبل بیان حلفی دوبارہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اسلام آباد کے 3 حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شعیب شاہین کو الیکشن ٹریبونل کے لیے طریقہ کار پڑھنے کی ہدایت کی۔وکیل شعیب شاہین کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ الیکشن ٹریبیونل نے 6 ماہ میں الیکشن اپیلوں پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے، ٹربیونل نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنی ہے، 7 دن سے زیادہ کی تاریخ نہیں دینی۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ٹریبونل کے پاس شو کاز نوٹس جاری کر کے رکنیت معطل کرنے کا بھی اختیار ہے، اگر التوا ہوگا تو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، ٹرائل بھی روزانہ کی بنیاد پر ہوگا، یہ بنیادی اصول ہے۔الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں سے دوبارہ بیان حلفی طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت سے پہلے بیان حلفی جمع کرائیں، پہلے بیان حلفی آئیں گے پھر ہم آگے دیکھیں گے۔الیکشن ٹریبونل نے ریمارکس دیے کہ تینوں درخواستوں کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی تاہم ہر حلقے کی الگ الگ سماعتیں ہوں گی۔ٹریبونل نے راجہ خرم نواز کو فارم 45 اور 47 سمیت مکمل جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے بروقت جواب جمع نہ ہونے پر ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن