یہ کیسا نظام! مراعات یافتہ کیلئے بجلی مفت‘ عام آدمی بھاری بل دے: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ کیسا نظام ہے جس میں مراعات یافتہ طبقہ، سیاستدان، جج، جرنیل، ٹاپ بیوروکریٹ بجلی فری استعمال کرے اور عام آدمی بھاری بل ادا کرے، اس استحصالی نظام کو نہیں مانتے، 12 جولائی سے جماعت اسلامی ملک بھر کے مظلوموں کو اکٹھا کر کے اسلام آباد میں دھرنا دے گی، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمران قوم پر بجلی کے بم گرانا بند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ہسپتال لیہ کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں صحت تعلیم اور ڈیزاسٹر کے شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والوں اداروں کی تحسین کی اور ٹیم کو مبارکباد دی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر اقبال، امیر جماعت اسلامی ضلع لیہ مبشر نعیم چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بریفنگ دی۔ امیر جماعت نے کہا دو سالوں میں 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دیں گے تاکہ نوجوان روزگار کمانے کے قابل اور ملک میں زر مبادلہ آ سکے۔انہوں نے کہا وسائل پر قابض اشرافیہ نے تعلیم برائے فروخت بنا دی ہے، بھاری بھر کم بلوں نے عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا پٹرول پر 70 روپے کا لیوی ٹیکس دراصل حکمرانوں کا غنڈا ٹیکس ہے، اب قوم حکمرانوں کی مزید غلام نہیں بن سکتی، جماعت اسلامی کا قابل بنو پروگرام کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اب پشاور سے ہوتا ہوا جنوبی پنجاب میں داخل ہو رہا ہے، امیر جماعت نے غزہ میں اسرائیلی جارہیت کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کیمپوں، ہسپتالوں، گھروں پر حملے کر رہا ہے مگر ان حملوں کے باوجود رفح کے غیور مسلمانوں کو شکست نہیں دے سکا۔