فرانس ‘ انتخابات کے بعد پرتشدد ہنگامے‘لوٹ مار
پیرس (نیٹ نیوز) فرانس میں نیشنل اسمبلی کی 577 نشستوں کیلئے انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں نیشنل اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ٹرن آؤٹ 60 فیصد رہا، ایگزٹ پول کے مطابق بائیں بازو کے اتحاد کو سب سے زیادہ نشستیں ملنے کا امکان ہے، کسی بھی اتحاد کو سادہ اکثریت ملنا ممکن نہیں، نیشنل ریلی سب سے آگے ہے، نیشنل ریلی 230 سے 280 کے درمیان نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔ انتہائی دائیں بازو کی نیشنل ریلی کے حوالے سے مایوس کن خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ این پی ایف اتحاد کو 190 نشستیں ملنے، صدر میکرون کا اتحاد 170 سیٹوں پر کامیاب ہو سکتا ہے، پہلے مرحلے میں 577 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں 76 اراکین منتخب ہو چکے ہیں۔ فرانس میں انتخابات میں حصہ لینے والے تین سیاسی اتحادوں کے کارکنوں کے درمیان فسادات پھوٹ پڑے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق تینوں سیاسی اتحادوں کی طرف سے واضح برتری حاصل نہ کرنے کی وجہ سے فرانس میں ان سیاسی اتحادوں کے کارکنوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ دارالحکومت پیرس، نانتیز، لیون، مارسیلی اور رینز شہروں میں پر تشدد ہنگاموں کے دوران دکانوں کو لوٹا گیا، موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی گئی اور پولیس پر آتش گیر مواد پھینکا گیا جس کے بعد پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ فسادات پر قابو پانے کے لئے ملک بھر میں 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں ، جن میں سے صرف دارالحکومت پیرس میں 5 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔