بانی پی ٹی آئی سے بغیر مداخلت ملاقات سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے رپورٹ جمع کرا دی
اسلام آباد (وقائع نگار) سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی اجازت کی درخواست پر رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروادی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ سیکرٹری دفاع، داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے عدالت میں جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دئیے کہ سیکرٹری دفاع کی طرف سے جواب آنا سب سے زیادہ ضروری ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کے بنیادی تحفظات مختلف ہیں، اس حوالے سے وزارت دفاع کی رپورٹ جمع کرائیں۔جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ آپ اڈیالہ جیل سے ذرا چیک کر لیں اور اپنی رپورٹ جمع کرائیں۔ بعدازاں سماعت ملتوی کر دی۔