بجلی کے بل بڑھنے سے عوام بے چین، ٹیم سے مل کر حل تلاش کیا: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیرصدارت کابینہ کے 11ویں اجلاس میں پہلی مرتبہ آٹے کے نرخ مقرر کرنے پر وزیراعلی کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ 500یونٹ تک خرچ کرنے والے 45لاکھ صارفین کے لئے سولر سسٹم لا رہے ہیں۔ بجلی کے بل بڑھنے کی وجہ سے عوام میں بے چینی ہے، اپنی ٹیم سے مل کر اس کا حل تلاش کیا۔ پنجاب کی سوشل اکنامک رجسٹری کام شروع کررہی ہے۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے ٹیکس واپس لینا خوش آئند امر ہے۔ گندم نہ خریدنے کے باوجود آٹے کے نرخ کنٹرول کرنا آسان امر نہیں۔ آٹے کے نرخ 200روپے بڑھنے پر اپنی ٹیم کو فوراً بلا لیا۔ آٹا سستا رکھنے کے لئے مانیٹرنگ اور عملدرآمد ضروری امر ہے۔ فوڈ منسٹر 16گھنٹے بنیادی اشیاء خوردونوش کے نرخ کنٹرول کرنے پر صرف کریں۔ فوڈ منسٹر کی انفرادی کارکردگی پوری کابینہ پر بھاری ہے۔ غریب ملک میں رہتے ہیں عوام کے مفادات کا تحفظ بہت ضروری ہے۔ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ سرمایہ کار امیر ہوجائیں اور غریب آدمی اپنی چھت بنانے سے بھی رہ جائے۔ مل جل کر محنت کے ساتھ سب نے آگے بڑھنا ہے۔ 4ماہ میں پنجاب کی ینگ کابینہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی جس کے مطابق قرآن مجید کے معیاری نسخے کے بارے میں نوٹیفکیشن کے اجراء اور ایم ڈی کیٹ 2024 کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی۔ سرکاری کالجوں میں ڈویژنل ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن (کالجز) اور پرنسپلز کی تقرری اور پوسٹنگ کے نئے طریقہ کار کو بھی منظور کرلیا۔ کابینہ نے فارمیسی ایکٹ 1967 کے تحت دو سالہ فارمیسی اسسٹنٹ کورس (فارمیسی اپرنٹس کی رجسٹریشن) کو ختم کرنے کی منظوری دے دی اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے اہم اقدام کرتے ہوئے بوائلرز اور پریشر ویسلز آرڈیننس 2002 میں ترمیم کو بھی منظور کر لیا گیا جس کے تحت غیر معیاری تیل استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ پنجاب مائننگ کنسیشن رولز 2002 میں ترامیم اور قانون و پارلیمانی امور کے محکمہ میں مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کے قیام‘ حکومت پنجاب اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور سپرنٹنڈنٹس سروس رولز 2020 میں ترامیم اور سب انسپکٹرز اور انسپکٹرز رولز 2013 میں ترامیم کی منظوری دی۔ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ میں فرائض سرانجام دینے والے پولیس افسران بھی ترقی کے حقدار ہوں گے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کی سطح تک بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے موجودہ صدر کا استعفی منظور کیا گیا اور ادارے کے عبوری اور مستقل صدر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ کے ایف ڈبلیو ڈویلپمنٹ بینک، جرمنی سے ''گرین انرجی پروجیکٹ'' کے لیے15ملین یورو گرانٹ حاصل کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت پنجاب کے سکولوں اور ہسپتالوں کی سولرائزیشن کی جائے گی۔ پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی کے قیام کے لیے قانون سازی کی‘ عالمی ادارہ برائے خوراک او رزراعت کے تعاون سے زمین کے کٹاؤ اور لائیوسٹاک مینجمنٹ کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے سے دیہی سطح پر روزگار بڑھنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی آر کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری بھی دی گئی۔ محتسب پنجاب کی رپورٹ 2023 اور پنجاب کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کی رپورٹ برائے سال 2022 اور 2023پیش کی گئی۔ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (PPDCL) کے سی ای او کی دوبارہ تقرری کی منظوری دی گئی۔ جسٹس (ر) سردار احمد نعیم کی بطور ممبر پنجاب لیبر اپیلٹ ٹریبونل، ملتان کی تقرری کی شرائط و ضوابط کی منظوری دی گئی۔ آئین کے آرٹیکل 154 کے نفاذ کی منظوری دی۔ پنجاب فنانس ایکٹ 1977 میں ترمیم‘ پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی (PHFMC) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آئندہ مدت کے لیے تشکیل نو کی منظوری دی۔ چیئرمین، ڈرگ کنٹرول، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے لیے نامزدگیوں‘ پنجاب صاف پانی کمپنیز (نارتھ اورساؤتھ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے میٹرک میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام طلبہ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچو! قوم کو آپ پر فخر ہے۔ رکنا نہیں، آگے بڑھنا ہے، بڑھتے جا نا ہے۔ میری دعائیں اور نیک تمنائیں ہر محنتی طالبعلم کے لئے ہیں۔