کراچی میں پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو‘ سیمینار کا بھی انعقاد
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو 2023 کراچی میں منعقد ہوا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سالانہ سیفٹی ریویو کا مقصد پاک بحریہ میں رائج سیفٹی اسٹنڈرڈز پر گذشتہ برس کے اقدامات کو جانچنا اور تنقیدی جائزہ پیش کرنا ہے۔ سیفٹی اسٹینڈرڈز پر پورا اترنے والی یونٹس، کمانڈز اور افراد کو سیفٹی ٹرافیز اور اسناد سے نوازا گیا۔ قبل ازیں سیفٹی اور اس کے نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے پاک بحریہ کے زیر انتظام سالانہ سیفٹی سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان سیمینار میں فیلڈ کمانڈز کے پینلز نے پاک بحریہ میں سیفٹی کے فروغ کے لیے مختلف حفاظتی پہلوؤں اور موجودہ رجحانات پر مقالہ جات پیش کیے۔ اس موقع پر نیول چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک بحریہ کا ہر فرد سیفٹی کے نظام کو تقویت دینے کے لیے پْرعزم ہے۔ نیول چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطے کے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔