گوجرہ: 2 بھتیجوں، ملازم کا قتل، صدمے سے چچا بھی جاں بحق، چاروں سپرد خاک
گوجرہ (نمائندہ نوائے وقت) دو بھتیجوں اور ملازم کے قتل کی خبر سن کر چچا ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہو گیا۔ چچا اور مقتولین کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ تہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چک نمبر 435 ج ب گھنیاں کے دو بھائی عبدالجبار اور عبدالرحمن اپنے ملازم اقبال کے ہمراہ اپنے زرعی رقبہ سے موٹر سائیکلوں اور ٹریکٹر پر گاؤں جا رہے تھے کہ راستے میںکھڑے مخالفین سعد اللہ، زین اللہ، عمران، بابر اور چار نامعلو م ملزموں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا‘ صدر پولیس گوجرہ نے نعشیں پو سٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوا لے کر دیں۔ آ ئی جی پنجا ب عثمان انور نے تہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وجہ عناد یہ ہے کہ تین سال قبل اشرف کا بھتیجا بلال کو بھی ملزموں نے قتل کر دیا تھا جس کے مقدمہ میں مقتول عبدالجبار چشم دید گواہ تھا۔ چند سال قبل ملزم سعد اللہ کا والد ذکاء اللہ بھی قتل ہو چکا ہے جس کے ملزموں کو سزا ہو چکی ہے اور وہ جیل میں ہیں۔ واضح رہے کہ محمد اشرف کا بڑا بھائی اور مقتولین کا چچا ماسڑ لیاقت جو گوجرہ شہر میں اپنے گھر میں موجود تھا‘ بھتیجوں کے قتل کی خبر ملی تو صدمے سے دل کا دورہ پڑا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گیا۔ اس طرح جب چار نعشیں گاؤں پہنچیں تو گاؤں میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، تینوں مقتولین اور ان کے چچا ماسٹر لیاقت کی نماز جنازہ گاؤں میں ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔