• news

ٹیکس کیخلاف فلور ملز‘ آٹا ڈیلرز‘ نان بائی‘ کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشنز کی آج ہڑتال

لاہور‘ راولپنڈی (کامرس رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن، پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن اور کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے آٹا اور فلور ملز پر ود ہولڈنگ ٹیکس، قیمت میں اضافہ کے خلاف آج 10 جولائی سے غیرمعینہ مدت کی مکمل ہڑتال کرتے ہوئے آٹا میدہ فائن آٹا کی سپلائی مکمل بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان تینوں ایسوسی ایشن کے صدور، سیکرٹری کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن صدر ظہور بھٹی، کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن صدر سلیم پرویز بٹ اور نان بائی ایسوسی ایشن صدر شفیق قریشی نے کہا پنڈی میں  آٹا کی سپلائی مکمل بند ہوگی۔ جب تک تمام ٹیکس واپس نہیں ہوں گے ہڑتال جاری رہے گی۔ ہڑتال سے راولپنڈی اسلام آباد میں آٹا کا شدید بحران پیدا ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ آٹا ڈیلرز نے فلور ملز سے آٹا اٹھانا مکمل بند کر دیا ہے۔ آٹا ڈیلرز قائدین نزاکت شاہ، خلیل عباسی، شیخ فیصل، فرخ عزیز، فیصل بٹ، ملک شہزاد، منیر عباسی، ملک سرفراز اور حاجی پرویز نے اعلان کرتے ہوئے اٹک چکوال جہلم تحصیل مری کوٹلی ستیاں کہوٹہ کلر سیداں گوجر خان اور ٹیکسلا کو بھی آٹا کی سپلائی مکمل بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہریوں نے آٹا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ پروگریسو فلور ملرزگروپ نے بھی آج فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیے جانے کے خلاف ہڑتال کی کال میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ گروپ کے رہنما خلیق ارشد اور ماجد عبداللہ نے کہا کہ فلور ملرز کسی صورت میں فائلر اور نان فائلر ڈیلرز سے ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے کے لئے ایجنٹس بننے کی ذمہ داری نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ود ہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر ٹیکس اکٹھا کرنے سے قاصر ہیں۔ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ نے کہا ہے کہ فلور ملز ایسوسی ایشن سمیت کسی تنظیم کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال کا حصہ نہیں، موجودہ حالات میں ملک ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہم مذاکرات کے حامی ہیں‘ تاجر ٹیکس دینے سے نہیں بلکہ حکومت کی زمینی حقائق کے برعکس بنائی گئی پالیسیوں سے گھبراتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہر ثقلین بٹ نے کہا حکومت ٹیکسیشن کے نظام کو سہل بنائے اور ٹیکسز کی تعداد اور ریٹس کم کرے تاکہ نیٹ ورک بڑھے۔

ای پیپر-دی نیشن