الجزائر کے صحرا میں 12 شامیوں سمیت 14 افراد پیاس کے باعث جاں بحق
الجزائر شہر(این این آئی)الجزائر کے صحرا میں 12 شامیوں سمیت 14 افراد شدید پیاس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریسکیو ادارے نے بتایاکہ الجزائر کے صحرا میں بیلکبور کے علاقے سے 14 تارکین وطن کی نعشیں ملی ہیں‘ جن میں سے 12 شامی اور دو الجزائر کے باشندے ہیں‘ نعشیں الیز ریاست کے عمر ادریس ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں‘لواحقین کو ہسپتال سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ریسکیو ادارے کا مزید کہنا تھا کہ مرنے والے تمام مرد ہیں اور ان میں 16 سال سے کم عمر کے بچے اور ایک ہی خاندان کے رشتہ دار شامل ہیں‘ ان میں سے 5 کا تعلق حلب شہر، 3 کا تعلق رقہ ، 3 کا الحسکہ اور ایک دمشق سے تھا۔امدادی کارکنوں کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو کلپس میں ہلاک شدگان کی نعشیں ایک فور وہیل ڈرائیو کار کے آگے ریت پر بکھری ہوئی دکھائی دے رہی ہیں‘ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ان کی موت کی وجہ وسیع صحرا میں گم ہونے کے بعد پیاس لگنے سے ہوئی۔