ملک بھر میں فلور ملز کی ہڑتال، آٹے کی سپلائی بند، بحران کا خدشہ
لاہور+ گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر+ این این آئی) گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کئے جانے کے خلاف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی کال پر ملک کے چاروں صوبوں میں فلور ملوں کی ہڑتال ہوئی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد نے کہا کہ ملک بھر میں آٹے کی سپلائی بند کر دی گئی ہے اور پاکستان بھر میں ڈیلرز کو اطلاع کردی گئی کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے تب تک سے کسی بھی ڈیلر کو فروخت کے لیے آٹا نہیں ملے گا۔ پاکستان کی 1500 سے زائد فلور ملوں نے گندم کی پسائی اور گرائنڈنگ غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے حکام سے دو مرتبہ ویڈیو لنک اور زوم کے ذریعے مذاکرات ہوئے لیکن ان کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ فلور ملز ودہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنیں گی اور فلور ملوں پر عائد کیا جانے والا 5.5فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے۔ وفاقی حکومت اور فلور ملز کے درمیان اگر مذاکرات نہ ہوئے تو جمعہ کے روز ملک بھر میں آٹے کی شدید قلت ہو گی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی آڑ میں ڈیلرز نے آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے اعلان کے بعد گزشتہ روز گوجرانوالہ ضلع کی 73 فلور ملز مکمل بند رہیں۔ ملتان میں بھی ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ضلع کی 60 سے زائد فلور ملز بند ہیں جبکہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام 100 فلور ملز بند ہیں۔ ترجمان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق فیصل آباد میں بھی فلور ملز بند ہونے سے 2 لاکھ یومیہ آٹے کے تھیلوں کی سپلائی بند ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ پشاور میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن کی اپیل پر ہڑتال جاری ہے اور ملز پر تالے لگا دیے گئے ہیں۔ جبکہ کوئٹہ میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث گندم کی پسائی کا کام بند کردیا گیا ہے۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن (ساؤتھ زون) عامر عبداللہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں بھی فلور ملز نے آٹے کی سپلائی بند کردی ہے، ٹیکس جمع کرنا ایف بی آر کا کام ہے، ہمیں ٹیکس ایجنٹ نہ بنایا جائے، ہمارے مطالبات کی منظوری تک گندم مصنوعات کی سپلائی بند رہے گی۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا کہ ملک بھر کی فلور ملز سے آٹے کی سپلائی مارکیٹ میں نہیں ہوگی، حکومت کے آٹے پر ٹیکس کے نفاذ سے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے آٹے کی قیمت میں 10 روپے فی کلو تک اضافہ ناقابل برداشت ہو گا، حکومت فوری طور پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ واپس لے۔ آٹے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف فلور ملز کی ہڑتال دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب، حکومت نے فلور ملز کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے۔