سپریم کورٹ: سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ آج سنائے گی۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ مخصوص نشستوں کا مختصر حکم نامہ سنائیں گے۔ اس حوالے سے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ تین روز قبل9 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر 13 رکنی فل کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا تھا کہ فیصلہ سنانے سے متعلق آپس میں مشاورت کریں گے اور فیصلہ کب سنایا جائے گا۔ اپیلوں پر فل کورٹ 31 مئی کو تشکیل دیا گیا تھا، جس نے اپیلوں کی 9 سماعتیں کیں جبکہ سماعتیں یوٹیوب سٹریمنگ کے ذریعے براہِ راست نشر کی گئیں۔ سنی اتحاد کونسل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مجموعی طور پر77 مخصوص نشستیں متنازع ہیں، نشستوں میں قومی اسمبلی کی 12 اور صوبائی اسمبلیوں کی 55 نشستیں شامل ہیں، یہ تمام نشستیں سنی اتحادکونسل کو ملنی چاہیئے تھیں۔سپریم کورٹ نے سین اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی اپیلوں پر فیصلے کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 13 رکنی فل کورٹ آج دوپہر 12 بجے فیصلہ سنائے گا۔ نئی کازلسٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی۔