جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سماعت کی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کیے ہیں۔ جوڈیشل کمشن کے خلاف رٹ کیسے قابل سماعت ہے، آپ نے جوڈیشل کمشن کو کیس میں فریق کیوں بنایا ہے۔ وکیل نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ جوڈیشل کمشن یا فیڈریشن کے خلاف کوئی رٹ جاری کریں، جسٹس طارق جہانگیری کے علاوہ تمام فریقین کو صرف ریکارڈ طلبی کی حد تک فریق بنایا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے تو یہ اعتراض ایسے ہی لگا دیا، رجسٹرار آفس کو جو اصل میں کہنا چاہیے تھا وہ انہوں نے نہیں کہا، کیا اعلیٰ عدلیہ کے جج کے خلاف کو وارنٹو کی رٹ قابلِ سماعت ہے؟