پارٹی ٹکٹ، ڈیکلریشن جمع کرایا نہ انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک کرائے، آپ معصوم باقی سب قصور وار: عطا تارڑ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں تحریک انصاف نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کا ایم این اے ڈیکلیئر کئے جانے کی درخواست نہیں دی۔ اس جماعت میں شمولیت بھی اختیار نہیں کی جس کا پارلیمان میں وجود ہو۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ قانون اور آئین میں ترمیم پارلیمان کا حق ہے۔ تاحیات نااہلی کیس میں ریلیف مانگا گیا تھا تو ملا نہیں۔ کیسے ہو سکتا کہ کوئی ریلیف مانگے بھی نہ اور اس کو دیا جائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے غلطیاں کیں تو اس میں الیکشن کمشن کا قصور نہیں، غلطیاں کر کے الزامات الیکشن کمشن پر عائد کر رہے ہیں، سپریم کورٹ نے وہ ریلیف دیا جو مانگا ہی نہیں گیا۔