ود ہولڈنگ ٹیکس‘ سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کا بھی آج سے ہڑتال کا اعلان
لاہور (کامرس رپورٹر) سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن پاکستان نے ود ہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے فوری ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ آج رات 12 بجے سے کوئی بھی سیمنٹ ڈیلر کمپنیوں سے سیمنٹ نہیں اٹھائے گا، ان کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، سیمنٹ نہیں اٹھائیں گے۔ یہ اعلان لاہور چیمبر میں سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سیمینار کے بعد کیا گیا۔ اس کا باقاعدہ اعلان چوہدری منیر پیٹرن انچیف سیمنٹ ڈیلر ایسوسی ایشن نے دیگر مرکزی رہنمائوں اور تنظیموں سے مشاورت کے بعد کیا۔ رہنمائوں حسن ناز، شیخ عبدالجید، آصف سعید، ساجد چودھری کا کہنا تھا کہ ٹیکس ہدف بڑھا دیا گیا مگر تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے کاروبار کے مواقع کم کئے جا رہے، جتنا زیادہ ٹیکس لگے گا لوگ ٹیکس چوری کی طرف جائیں گے، سیمنٹ کی بوری 500 روپے ہونی چاہیے تھی جو 1500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیمنٹ فیکٹری کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں یہ آپ کا اور ایف بی آر کا معاملہ ہے، ایف بی آر اور حکومت کو مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔