• news

چینی انیشیٹو کے ذریعے ترقی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت: زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر زرداری نے کہا ہے کہ چین کے گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کے ذریعے پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے مشرقی اقوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو میں مشترکہ ترقی کو فروغ دے کر دنیا کے مستقبل کو تشکیل دینے کی بڑی صلاحیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیر اہتمام عالمی ایکشن برائے مشترکہ ترقی کے فورم کے دوسرے اعلیٰ سطحی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں  کیا۔ صدر نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی ترقی کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کریں، پائیدار ترقی اور صحت جیسے عالمی چیلنجوں کو مشرقی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ زیادہ تر عالمی آبادی مشرقی ممالک بالخصوص چین، پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک میں رہائش پذیر ہے۔ پاکستان صدر شی جن پنگ اور چین کی جانب سے مشرقی ممالک اور پوری دنیا کی قیادت میں 21 ویں صدی میں آگے بڑھنے کا خواہشمند ہے، چین کے گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کا مقصد پائیدار ترقی کے ایجنڈا پر عمل درآمد کو  تیز کرنا ہے۔ علاوہ ازیں  صدر زرداری کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کے گھر گئے اور شہید کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کے والد سے ملاقات کی اور اظہار افسوس کیا۔ صدر نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی، فاتحہ خوانی کی، شہید محمد اسامہ بن ارشد گْزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے تھے، صدر نے شہید کی بہادری، جذبہ حب الوطنی اور وطن کیلئے خدمات کو بھی سراہا، صدر  نے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن