• news

پنجاب اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی ارکان کا اجلاس‘ مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج کا اعلان

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن ارکان کا اجلاس ہوا۔ اپوزیشن رکن میاں اعجاز شفیع کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کے جیتنے والے 25 ارکان سے حلف لیا گیا۔ اجلاس میں مہنگائی، بجلی بلوں میں اضافے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔ آئی این پی کے مطابق حلف اٹھانے والوں میں لاہور کے تین ارکان حافظ ذیشان رشید، حاجی کریم اور ندیم بارا شامل تھے۔ عوامی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی ناقص کارکردگی اور مہنگائی کے خلاف قرارداد پیش کی گئی۔ بجلی کے بلوں میں اضافے اور آئی پی پیز معاہدوں کو پبلک کرنے کے لیے بھی قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس میں فارم45  کے مطابق جینے والے امیدواروں کو حق دینے الیکشن کمشن ارکان کے استعفے کے مطالبے کے لئے قراداد بھی پیش کی گئی۔ ارکان اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے بانی پی ٹی آئی کے حق اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ دو سے تین ماہ میں ہماری نشستیں ہمیں واپس مل جائیں گی۔ انہوں نے بجلی قیمتوں پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹیرف ٹیرف چچا بھتیجی کھیل رہے ہیں اور اس ٹیرف سے لوگوں کے گھر برباد ہو گئے، یہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں، ہم ایک بہت بڑے احتجاج کی طرف جا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہمارا پہلا مشن ہے۔ محرم کے بعد ہم بجلی کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے، اس حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے۔ بعدازاں اپوزیشن کی عوامی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن