• news

مقبوضہ کشمیر: یوم شہدائے کشمیر پر مکمل ہڑتال، مظاہرے، شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش: حریت کانفرنس

سری نگر، مظفر آباد(کے پی آئی)  لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیر یوں نے ہفتہ کو یوم شہدائے کشمیر منایا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے چند علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے دی تھی جس کا مقصد تنازعہ کشمیر کے پر امن او رمنصفانہ حل کی ضرورت پر زور دینا ہے۔ جبکہ آزاد کشمیر میں میں بھی جلسے جلوس، مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ 13جولائی 1931 اورتحریک آزادی کشمیرکے دیگر تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے  یوم شہدا کے موقع پر خصوصی تقاریب ہوئیں۔ دن کا آغاز مساجد اور خانقاوں میں شہداء  کے لئے خصوصی دعاوں سے ہوا ،ان شہدا نے ہندوسامراج کے تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سرینگر میں نوہٹہ، راجوری کدل اور متعدد علاقوں میں دکانیں بند رہیں۔ بی جے پی کی قابض انتظامیہ نے لوگوں کوشہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہدا نقشبند صاحب سرینگر جانے کی اجازت نہیں دی۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو سرینگر کے نقشبند صاحب میں واقع قبرستان کی طرف مارچ سے روک دیا جہاں13جولائی کے شہداء  مدفون ہیں۔ جبکہ  کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء  میرواعظ عمر فاروق نے 13جولائی 1931کے شہداء  کشمیر کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،میر واعظ عمر فاروق نے ایک  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان شہدانے ایک عظیم نصب العین اور کشمیری عوام کے سلب شدہ حقوق کی بحالی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس نے عوام دشمن پالیسیوں پر بی جے پی کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رہنما اجے کمار سدھوترا نے جموں کے علاقے جانی پور تلی موڑ میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کیوجہ سے کشمیری گونا گوں مسائل کا شکا رہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن