• news

جسٹس شفیع صدیقی نے بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ حلف اٹھا لیا

 کراچی (سٹاف رپورٹر) جسٹس محمد شفیع صدیقی نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس محمد شفیع صدیقی سے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، جج صاحبان، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، سابق ججز، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں وکلا شریک ہوئے۔ تقریب حلف برداری میں جسٹس محمد شفیع صدیقی کی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی 27ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے طور پر فرائض انجام دینگے۔ سپریم جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کو بطور مستقل چیف جسٹس کی منظوری دی تھی۔جسٹس محمد شفیع صدیقی سابق چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد سے بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی 12اگست 1965کو پیدا ہوئے، انہوں نے بی ایس کے بعد ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 1992میں بطور ایڈووکیٹ ماتحت عدالتوں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ 1994میں بطوروکیل ہائیکورٹ میں انرول ہوئے اور 2008میں سپریم کورٹ میں بطور سپریم کورٹ ایڈووکیٹ کی حیثیت سے انرول ہوئے۔ انہوں نے 2012میں میں سندھ ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن