نواز، شہباز ملاقات، مخصوص نشستوں کا فیصلہ، صدر مسلم لیگ ن نے کل مری میں اجلاس بلا لیا
مری (نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف سے شہباز شریف کی ملاقات ہوئی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا سپریم کورٹ کے فیصلے سمیت آئی ایم ایف سے ہونیوالے معاہدے پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں نواز شریف نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔ نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس پیر کو مری میں بلا لیا ہے۔ نواز شریف نے مریم نواز کو بھی مری طلب کیا ہے۔ نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ پنجاب کی سینئر پارٹی قیادت اور کابینہ کے ارکان کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔