حملے کے بعد ٹرمپ کی مقبولیت، حمایت میں اضافہ، حامیوں میں جوش کی نئی لہر
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) انتخابی ریلی کے دوران حملہ آور کی فائرنگ سے بال بال بچ جانے والی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے دنیا بھر میں ہمدردی اور ملک گیر مقبولیت میں اضافہ ہو گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ پر ناکام قاتلانہ حملے کی اطلاع ملتے ہی عالمی رہنماؤں کی جانب سے صدر ٹرمپ کی خیریت کی معلومات کے لیے ٹیلی فونز کا تانتا بندھ گیا۔ عالمی رہنماؤں نے حملے کی مذمت کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ امریکی عوام نے بھی اس واقعے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے جب کہ ان کے حامیوں میں جوش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر امریکا کے طاقت ور ترین ارب پتی تاجروں اور رہنماؤں کے ساتھ ساتھ عوام نے ٹرمپ کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ آج ہونے والے متعدد عوامی سروے ٹرمپ کی مقبولیت کے گراف میں اضافہ ظاہر کر رہے ہیں۔