مخصوص نشستوںپرعدالتی فیصلہ، سینٹ و قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر غور: ذرائع
اسلام آباد (آئی این پی ) مخصوص نشستوں بارے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں حکومت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر غور شروع کر دیا۔ وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم سے ملاقات میں پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کی تجویز دی۔ مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنماوں اور اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا حتمی فیصلہ(آج) پیر کو نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ہوگا، اجلاس میں مخصوص نشستوں بارے عدالتی فیصلے پر بحث ہوگی۔ حکومت نظر ثانی اپیل میں جانے سے پہلے پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے حکمت عملی مرتب کرے گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دینے کا حکم دیا ہے۔