مہنگی بجلی، ٹیکسز کیخلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے، 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا ہو گا: حافظ نعیم
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر بجلی کی قیمتوں اوور بلنگ اور ٹیکسز میں اضافے کے خلاف ملک گیر دھرنے دیئے اور مظاہرے کئے گئے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کی قیادت میں مردان میں احتجاج اور دھرنا دیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں کمی کر کے مطالبات کیے‘ ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی 26 جولائی کے دھرنے کی دعوت حق دو تحریک عوام کے لئے ہے، ہم خصوصی نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اب چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو‘ ہمارا مطالبہ نئے انتخابات کا نہیں ہے بلکہ فارم 45 کے مطابق اقتدار کی منتقلی کا ہے۔ تمام بڑے شہروں میں آگاہی کیمپ سمیت بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔ مظاہروں میں تاجر تنظیموں، مزدور یونین، طلبہ تنظیموں کے ذمہ داران سمیت بڑے پیمانے پر لوگوں نے شرکت کی۔ مقررین نے 26جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والے عظیم الشان دھرنے میں شمولیت کی دعوت دی اور مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور بجلی ٹیرف کے اضافے کو واپس لے،آئی پی پیز معاہدوں سمیت ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ کرے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا اور ظالمانہ ٹیکسزکے خلاف اسلام آباد میں 26جولائی کو دھرنا دیا جائے گا۔ مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے، دھرنے تک عوامی موبلائزیشن جاری رہے گا، ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کے خلاف ہے، حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں وظالمانہ سلیب سسٹم پر عوام کو ریلیف دینا ہو گا، عوام دشمن اقدامات کے خلاف ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک چلارہے ہیں، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے،عدالتوں میں بھی جائیں گے۔منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کو پرامن دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں،مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں،سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمشن بنائے، فارم 45کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے، چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں، اسلام آباد میں امر جماعت اسلامی کی ہدایت پر شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی کیمپس اور مظاہرے منعقد کئے گئے۔ میاں محمد اسلم،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور مقامی ذمہ داران نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے زیر اہتمام جی ٹی ایس چوک میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے مظاہرے سے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں لیاقت باغ سمیت مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے‘ ملتان میں حسین چوک میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دھرنا منعقد کیاگیا۔امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26جولائی کو اسلام آباد میں غریب عوام کی قسمت کا فیصلہ ہوگا،اشرافیہ سے نجات دلائیں گے۔ملک میں دو نظام ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف اخوانی سمیت شہر کے مختلف نمائندوں نے دھرنے مین شرکت کی۔ علاوہ ازیں بہاولپور،تونسہ،ڈیرہ غازی خان،لیہ اور جلالپورمیں مظاہرے ہوئے۔ جڑانوالہ‘ بہاولپور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ وزیر آباد میں دھرنے دیئے گئے۔ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت تباہی سے دوچار ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی صورت حال سب کے سامنے ہے، بجلی کے بلوں سے لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور، فیصل آباد، گجرانوالہ میں بھی مظاہرے کئے گئے جس سے صوبائی و ضلعی قیادت نے خطاب کیا۔ صوبہ سندھ میں حیدر آباد پریس کلب، میرپور خاص پریس کلب، کشمور پریس کلب، لاڑکانہ پریس کلب، کندھ کوٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ممتاز حسین سہتو نے جیکب آباد میں مطاہرین سے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی خیبر پی کے کے تحت پشاور، مردان، دیر، بنوں، بونیر، مانسہرہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ امیر جماعت اسلامی کے پی کے پروفیسر محمد ابراہیم نے بنوں پریس کلب کے سامنے جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن نے مردان، سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے پشاور، سابق ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ، صاحبزادہ طارق اللہ نے دیر اور ڈاکٹر طارق شیرازی نے مانسہرہ میں خطاب کیا۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس سے امیر صوبہ مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطاب کیا، علاوہ ازیں پشین، خضدار، لورالائی میں بھی پریس کلب کے سامنے مظاہرے منعقد ہوئے۔