سمجھوتہ نہیں کرینگے: سعد رضوی، مطالبات کی منظوری تک فیض آباد دھرنا جاری رکھنے کا اعلان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر) تحریکِ لبیک کا اسلام آباد اور راول پنڈی کے سنگم پر فلسطین کے حق میں دھرنا گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ تحریکِ لبیک نے لبیک یا اقصیٰ مارچ نکالتے ہوئے فیض آباد پہنچ کر اپنے تین مطالبات تسلیم ہونے تک فیض آباد فلائی اوور پر دھرنا دے دیا۔ فیض آباد سے ٹریفک کے تمام راستے بند کردئیے گئے۔ سربراہ تحریک لبیک علامہ سعد رضوی نے مطالبات تسلیم ہونے تک فیض آباد میں رہنے کا اعلان کیا۔ علامہ سعد رضوی نے فیض آباد فلائی اوور کے اوپر اور نیچے اسلام آباد ایکسپریس وے پر دھرنا دے دیا جس سے براستہ فیض آباد راولپنڈی سے اسلام آباد اور لاہور، مری جانے اور آنے والی ٹریفک بلاک ہوگئی۔ سعد رضوی نے مزید کہا کہ 9 ماہ سے مسلسل مسئلہ فلسطین سے متعلق ہر سطح پر آواز اٹھانے اور احتجاج کے باوجود شنوائی نہ ہونے پر بالآخر دھرنا دے دیا۔ حکمران آئین کی شق 40 کی خلاف ورزی نہیں کر رہے، کیا فلسطین کا استحکام اس شق کا تقاضا نہیں؟ کیا فلسطین کی امن و سلامتی اس شق کا تقاضا نہیں؟ فلسطین، بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کی حفاظت کیا مسلمانوں کا فریضہ نہیں؟ اگر جواب ہاں ہے تو مسلم حکمرانوں اور اسلامی ریاست پاکستان کا کردار مشکوک کیوں؟ بنیادی انسانی حقوق کی شدید پامالی، اجتماعی نسل کشی جاری ہے، مزید کس قیامت کا انتظار ہے؟ اسلامی ریاست کب اپنا کردار ادا کرے گی، حافظ سعد رضوی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان سے ہمارے مذاکرات جاری ہیں، ہم اپنے مطالبات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔