بانی پی ٹی آئی فتنہ فساد کریں گے، وہ جہاں ہیں، وہیں رکھا جانا مناسب: رانا ثناء
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ جس طرح طے ہے کہ بانی پی ٹی آئی فتنہ فساد کے علاوہ کوئی کام نہیں کریں گے۔ اسی طرح آئین و قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی جہاں ہیں وہاں رکھا جانا مناسب ہے۔ نجی چینل پروگرام میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہر عمل سے انتشار اور افراتفری کی سیاست ثابت ہے۔ جس طرح بانی پی ٹی آئی کو کیس لڑنے کا حق ہے، اسی طرح پراسیکیوشن کو بھی حق ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو مقدمات میں دفاع کا حق حاصل ہے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نیب نے گرفتار کیا ہے تو کس نے عدالت جانے سے روکا ہے؟ عدالتیں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دے رہی ہیں۔ کیا ہم نے9 مئی واقعہ کیا تھا؟ انہوں نے ریاست کے خلاف اقدام کیا۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا دفاعی اداروں کے سربراہوں کے خلاف مہم چلائی گئی۔ سپریم کورٹ یا کوئی بھی عدالت ماسوائے پارلیمنٹ کے آئین تبدیل نہیں کر سکتی۔