• news

عراقی سفیر کی وزیر داخلہ، مذہبی امور سے ملاقات، زائرین کو سہولتیں دینے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد+جھنگ(نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین سے عراقی سفیر نے ملاقات کی ہے۔عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے وزارت داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیز پاکستانیز و مذہبی امور چودھری سالک حسین سے ملاقات کی، ملاقات میں عراق جانے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر زائرین کو بغیر فیس انٹری ویزا کی اجازت دینے اور پاکستانی زائرین کا کوٹہ بڑھانے سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ نے عراقی سفیر کو زائرین سے غیر قانونی طور پر زائد فیس وصول کرنے والے ٹریول ایجنٹس کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زیارات کیلئے عراق جاتے ہیں، محرم اور صفر کے مہینوں میں زائرین کو کئی مشکلات پیش آتی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ عراقی حکومت کی جانب سے بغیر فیس انٹری ویزا کی اجازت ملنے کی صورت میں زائرین کو بہت سہولت ملے گی، پاکستانی زائرین سے عراق میں داخلے پر پاسپورٹ نہ لئے جائیں کیونکہ اس سے انہیں واپسی میں مشکلات درپیش آتی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی زائرین کا کوٹہ رواں سال دگنا کرنے کی بھی استدعا کی۔عراقی سفیر نے وزیر داخلہ کو ان معاملات اور زائرین کیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر عراقی سفیر نے وزیر داخلہ کو زائرین سے غیر قانونی طور پر زائد فیس وصول کرنے والے ٹریول ایجنٹس کی فہرست بھی فراہم کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان ٹریول ایجنٹس کے خلاف ایک ہفتہ میں کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ملاقات میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا، وزارت سمندر پار پاکستانی اور عراق کی وزارت لیبر کے مابین ایم او یو پر جلد دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور سالک حسین نے کہا کہ اس ایم او یو کے فعال ہونے سے پاکستانی شہریوں کو عراق کیلئے ورک پرمٹ حاصل کرنا آسان ہو گا، ایم او یو سے قانونی امیگریشن بڑھے گی اور غیر قانونی طریقوں سے داخلہ اور رہائش میں کمی واقع ہو گی۔وزیر داخلہ نے عراق میں مقیم غیر قانونی پاکستانیوں کے مسئلے کے حل کیلئے عراقی سفیر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر عراقی سفیر نے عراق کے وزیر داخلہ کی جانب سے محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور عراق دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور عراقی سفارت خانہ کے وفد نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ روز مختصر نجی دورے پر جھنگ آئے۔ وہ دھجی روڑ پر واقع آبائی گھر گئے جہاں کچھ دیر قیام کے بعد وہ کیمبرج گرائمر سکول کے پرنسپل سید حسین گیلانی کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے حسین گیلانی سے ان کی پھوپھی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن