نواسہ رسولؐ کی قربانی کا سبق ہے حق کی حفاظت جان سے زیادہ ضروری: حمزہ شہباز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) یوم عاشور پر سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی نے قوموں کی بقاء اور زندگی کیلئے تا ابد رہنمائی کی مشعل روشن کی۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکہ کربلا زہد و تقویٰ اور شجاعت کی ایسی مثال ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ یوم عاشور اور نواسہ رسول کی لازوال قربانی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امام حسین نے ظالم کی اطاعت کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا جبکہ نواسہ رسول کی قربانی کا سبق ہے کہ حق کی حفاظت اپنی جان کی حفاظت سے زیادہ ضروری ہے۔ حمزہ شہباز کا کلمہ حق کی سر بلندی کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں امام حسین اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرات، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔