امام حسینؓ کا سبق ہے ظالم کو حق کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہ دی جائے: عطاء تارڑ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا قیامت تک حق و باطل کے درمیان تفریق کا پیمانہ ہے۔ امام حسین کے تمام رفقاء کا حوصلہ، صبر و استقلال اور تدبر ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار عطاء اللہ تارڑ نے امام بارگاہ کاشان عباس کے دورہ کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے مجلس اور جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا جبکہ مجالس کے دوران سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے تمام مکاتب فکر سے مکمل رابطے میں ہیں، محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے پولیس اور انتظامیہ الرٹ ہے۔ امام حسینؓ کا سبق ہے کہ کسی ظالم و جابر کو حق کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہ دی جائے۔ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے۔ ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔