• news

 مریم نواز کی ہدایت پر عزاداروں کیلئے پہلی بار کھانا، سبیلیں لگائی گئیں: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے محرم الحرام کے حوالہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء کو جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، پیچ ورک، تجاوزات اور وال چاکنگ کے صفایا، لائٹنگ کے انتظامات اور سکیورٹی و دیگرضروری انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔  عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں، مجالس کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ پاک آرمی اور رینجرز کے دستے بھی پولیس کی معاونت کیلئے موجود ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر پورے صوبے میں عزاداروں کے لئے سبیلیں اور کھانے کا اہتمام پہلی بار کیا جارہا ہے جن کے معیار کو چیک کرنے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں متحرک ہیں۔  عزاداروں کو فرسٹ ایڈ دینے کیلئے جلوسوں کے ساتھ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔  جلوس کی وجہ سے راستہ بند ہونے پر ٹریفک پولیس متبادل راستوں کو یقینی بنایا جائے، کسی کو بھی سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد کی اجازت نہیں دی سکتی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بارشوں میں جلوس روٹ پر نکاسی آب کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء  عظمی بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے  تحصیل گوجرہ کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا  کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار گرم موسم کی سختی کو دیکھتے ہوئے عزاداروں کیلئے ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں اور بڑے شہروں میں لنگر کی تقسیم کا انتظام کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کابینہ کے ممبران اضلاع کے وزٹ کرکے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عاشورہ کنٹرول رومز کو خود مانیٹر کررہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن