• news

عمان مسجد میں فائر نگ ، 6پاکستانیوں سمیت 9افراد شہید ، 3حملہ آور ہلا ک 

اسلام آباد+ مسقط (خبر نگار خصوصی +نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) عمان کے دارالحکومت میں مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں 6پاکستانیوں سمیت 9نمازی شہید اور 30 زخمی ہوگئے۔فائرنگ کرنے والے 3 حملہ آور بھی مارے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عمان کی الوادی الکبیر کے علاقے میں واقع امام علی مسجد میں پیش آیا۔ فائرنگ کے وقت مسجد میں 700 سے زائد افراد موجود تھے۔ مقامی میڈیا کا کہنا کہ فائرنگ کے وقت مجلس عزا جاری تھی۔ عمان پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ حملے کے پیچھے کون لوگ یا کس تنظیم کا ہاتھ ہے۔ فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے مسجد کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ فائرنگ سے مسجد میں بھگدڑ مچ گئی۔ متعدد افراد قدموں تلے کچل کر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے۔ جبکہ مسقط میں امریکی سفارت خانے نے فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کیا اور منگل کو تمام ویزا اپوائنٹمنٹس منسوخ کر دیے۔ سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا امریکی شہریوں کو چوکنا رہنا چاہیے، اور مقامی حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے۔ دوسری جانب  دفتر خارجہ نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں عزاداری کی مجلس پر ہونے والے حملے میں چار پاکستانی جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق حملے میں شہید ہونے والوں میں غلام عباس، حسن عباس، سید قیصر عباس اور سلیمان شامل ہیں۔ مسقط کی وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عمان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان سلطنت عمان کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور تحقیقات میں مکمل معاونت کی پیش کش کرتاہے۔ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،میں نے پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کی ہر ممکنہ مدد یقینی بنائیں اور ہسپتال کا ازخود دورہ کرکے زخمیوں کی دیکھ بھال کریں۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کی ہے وہ عمانی حکام اور مسقط میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں،شہید ہونے والوں کے جسد خاکی کی جلد وطن واپسی کا بندوبست کیا جائے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عمان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ،صدر مملکت  نے واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ،صدر مملکت  نے کہا دْکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں جانبحق افراد کے لواحقین اور عمان کے عوام کے ساتھ ہیں ۔بھارتی سفارتخانے نے کہا ہے کہ عمان میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک بھارتی شہری ہلاک ہوا۔ فائرنگ سے ایک بھارتی شہری زخمی بھی ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن