• news

قوم کو بڑے معاشی جیلنجز کا سامنا ، صبر اتحاد ، بھائی چارے کی ضرورت ، وزیراعظم 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جب کہ باطل مٹنے کے لئے ہے۔ شہادت امام حسین ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے۔ شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام میں کہاکہ اس دن نواسہ رسول نے حق اور باطل کی لڑائی میں اپنے اور اپنے رفقاء کی جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جب کہ باطل مٹنے کے لئے ہے۔ رسول اللہؐ کے پیارے نواسے امام حسین رضی اللہ عنہ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات اور استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا  ہے اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے گئے انہیں مردہ نہ سمجھو، بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں، رزق پا رہے ہیں۔ یہ آیت قربانی کے اس جذبے کو بیان کرتی ہے جس کا مظاہرہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء نے کیا۔آج کی دنیا میں، ہم مشاہدہ کر رہے ہیں کہ فلسطین کے لوگ ایک عظیم مقصد کے لیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں اور بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ فلسطین کے لوگ قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جد و جہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس مشکل وقت میں، یہ بہت ضروری ہے کہ ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کے لئے معصوم افراد کو نشانہ بنانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دِن ہمیں اس بات کا تجزیہ کرنا چاہیے کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو اپنے خود غرضانہ مفادات کے لئے ہمارے معاشرے کے وجود اور اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ موجودہ دور میں وطنِ عزیز اور قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی و دیگر اختلافات کو بھلا کر اپنے اندر ایثار و قربانی، مساوات، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہو گا۔ آئیے، حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے درس حاصل کریں اور آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں۔صدر  زرداری نے کہا ہے کہ امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے، موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و  اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ اپنے   پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔  آج کے دن امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیاء  اور امت مسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔  حضرت امام حسینؓ نے شدید دباؤ  اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔ امام حسین اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان  اور اپنے اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے  آگے سر نہ جھکایا۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اور یہی قربانیاں اہل ایمان کے جذبات کو امتحان وابتلاء   کے وقت میں جلا بخشتی ہیں۔  ہمیں قوم کی فلاح  اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی  سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔  میں پوری پاکستانی قوم سے صبر اور محنت کرنے اور انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ پاکستان کو مشکلات سے نکالے۔

ای پیپر-دی نیشن