پی ٹی آئی پاکستان کیلئے خطرہ، الیکشن کالعدم قرار دیئے جانے کی باتیں: خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے ملک میں الیکشن منسوخ قرار دیے جانے کی بات ہو رہی ہے، سرگوشیاں یہ بھی ہو رہی ہیں اکتوبر میں عدالت میں الیکشن سے متعلق درخواست آجائے تو نمٹ لیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ملک میں غیر یقینی ماحول ہے جس میں سیاست دانوں کے ساتھ عدلیہ کا بھی حصہ ہے۔ الیکشن کے نتیجے میں ہمیں جو سپیس ملی ہے اس کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، اس سلسلے میں ہمارے پاس جو جو دوا موجود ہے، استعمال کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا ملک میں آئینی میلٹ ڈائون کا خطرہ ہے۔ فچ نے اپنی رپورٹ میں 18ماہ میں حکومت کے خاتمے سے متعلق جو بات کی ہے، اس میں وزن ہے، ٹیکنو کریٹ حکومت میں شامل ہونے کے لیے لوگ تیار بیٹھے ہیں۔ خواجہ آصف نے تسلیم کیا تحریک انصاف پر پابندی کا وقت سے پہلے اعلان کردیا گیا، اتحادیوں سے مشاورت ضروری ہے، اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اقتدار چھن جانے کے بعد سے پی ٹی آئی پاکستان کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔ انتخابات کالعدم قرار دیئے جانے کا خدشہ ہے۔ حکومت بچانے کیلئے ہر طرح کی مزاحمت کریں گے۔ میرے خیال میں ہفتے دس دن میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔ ٹیکنو کریٹ سسٹم آئے گا تو جمہوری ادارے لپیٹ دیئے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کی ایک ڈیڑھ سال سے ملک دشمن پالیسیاں جاری ہیں۔ میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی نو مئی کے فوراً بعد لگنی چاہئے تھی۔ دوسری طرف وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فچ ریٹنگ کی رپورٹ کو مسترد کرتا ہوں۔ سی پیک احسن طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مس انفارمیشن اس وقت دنیا بھر کا بڑا چیلنج ہے۔ مس انفارمیشن پھیلا کر انتشار پھیلایا جاتا ہے۔