پرامن یوم عاشور، انتظامات اور سکیورٹی پر اظہار اطمینان، ٹیم کی طرح کام کیا: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے یوم عاشور کے انتظامات اور سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزراء، کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کو سراہا۔ چیف سیکرٹری اور ان کی پوری ٹیم کو سکیورٹی انتظامات پر آئی جی اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ پنجاب میں پہلی بار حکومت کی طرف سے عزاداروں کے لئے نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کرنے پرکمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو شاباش دی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام اداروں نے ٹیم کی مانند یکجا ہوکر کام کیا۔ یوم عاشور پر ڈویژن اور اضلاع میں سکیورٹی مانیٹرنگ کرنے والے وزراء کرام قابل تحسین ہیں۔ اپنی ٹیم پر فخر ہے، سب نے مل جل کر خوب کام کیا۔ قبل ازیں مریم نواز شریف نے یوم عاشور پر سکیورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ کی اور صوبہ بھر میں سکیورٹی صورتحال پر ہر گھنٹے بعد کی (hourly) رپورٹ لی اور وزراء اور کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر نے ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی کنٹرول روم کے دورے کئے، وزراء اور متعلقہ افسروں نے تمام جلوس ختم ہونے تک فیلڈ میں مانیٹرنگ جاری رکھی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی آئی خان میں دیہی مرکز صحت پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اور ڈیوٹی پر موجود لیڈی ہیلتھ وزیٹر اور بچوں کی شہادت پر حرف عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی نے خوشاب چشمہ جہلم لنک کینال میں کشتی الٹنے کے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔