یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ جنرل رپورٹر) امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں لاہور سمیت ملک بھر میں بروز بدھ کو یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ملک بھر میں شبیہہ علم، تعزیہ اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔ جلوسوں کے آغاز اور مقررہ روٹ پر اختتام کے بعد مجالس عزا کا انعقاد ہوا جن میں ذاکرین نے نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی قربانیاں اور اہل بیت کے مصائب بیان کیے۔ لاہور میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس 9 محرم کی شب قدیمی نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر شام غریباں کی مجلس ہوئی۔ یوم عاشور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں روایتی مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ راولپنڈی کا مرکزی جلوسِ عاشورہ امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ اور امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا۔