• news

سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل یا اپیل الیکشن کمشن اجلاس بے نتیجہ، آج پھر ہو گا

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ کمشن آج دوبارہ سر جوڑے گا۔ گذشتہ روز اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اس پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن اور قانونی ونگز کے حکام نے الیکشن کمشن کو بریفنگ دی‘ تاہم کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے الیکشن کمشن نے معاملے پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کل پھر اجلاس ہوگا۔ قبل ازیں اجلاس میں الیکشن کمشن کے اراکین، سیکرٹری اور متعلقہ ونگز کے حکام شریک ہوئے جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق غور کیا جارہا ہے۔ حکام الیکشن کمیشن کو فیصلے سے متعلق بریفنگ دے رہے ہیں۔ اجلاس میں لاء ونگ کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔ سپریم کورٹ نے قومی وصوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمشن سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کا حق رکھتا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں دو حلف ناموں سے متعلق ابہام موجود ہے۔ دو حلف ناموں سے متعلق ابہام دور کرنے کیلئے ججز سے ان چیمبر رجوع کیا جا سکتا ہے۔ تحریک انصاف کا تنظیم ڈھانچہ نہیں ہے۔ تنظیمی ڈھانچہ نہ ہونے سے ابہام ہے، مخصوص لسٹیں کس کی منظور کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن