• news

جوبائیڈن کی صدارتی دوڑ سے دستبرداری متوقع: امریکی اخبار

واشنگٹن (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے دوبارہ صدارتی امیدوار نہ بننے پر غور شروع کردیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق صدر جوبائیڈن کے انتہائی قریبی افراد کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن نے دستبردار ہونے کے لیے ابھی اپنا ذہن تو نہیں بنایا تاہم بظاہر وہ اس حقیقت کو تسلیم کررہے ہیں کہ انہیں ممکنہ طور پر اس دوڑ سے دستبردار ہونا پڑے گا۔ سابق سپیکر نینسی پلوسی  نے کہا جو بائیڈن اس فیصلے پر پہنچنے کے قریب تر ہیں کہ صدارتی دوڑ سے باہر ہونا ہی بہتر ہوگا۔ ٹیلی فون پر بات کرتے کہا پولز سے پتا چلتا ہے وہ جیت نہیں سکتے۔ ذرائع کے مطابق ممکن ہے جوبائیڈن کملا ہیرس کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیں۔ میری لینڈ کے رکن  کانگریسی جیمی ریسکین بھی جوبائیڈن پر دستبرداری کیلئے زور دے رہے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن کو توقع ہے کہ نیتن یاہو کی امریکہ آمد پر ان سے ملاقات ہو گی۔ مگر کووڈ کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اس ملاقات کا انحصار صدر کی صحت اور ان کے ڈاکٹر کے مشورے پر ہوگا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات وائٹ ہائوس کی طرف سے کہی گئی۔ قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے رپورٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر طرح سے توقع رکھتے ہیں کہ دونوں لیڈروں کو باہم ملاقات کا موقع ملے گا۔ جبکہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان کی صدر جوبائیڈن سے ملاقات پیر کو متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن