• news

امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن انتقال کر گئیں

ٹیکساس‘ اسلام آباد (آئی این پی + اپنے سٹاف رپورٹر سے + نمائندہ خصوصی) امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں۔ ان کی عمر74  برس تھی۔ طویل عرصے سے لبلبے کے  کینسر میں مبتلا تھیں۔ انہیں قومی اور بین الاقوامی انسان دوست، انصاف اور انسانی حقوق خصوصا خواتین اور بچوں کے لیے ان کی جرات مندانہ کوششوں کی وجہ سے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔ انہیں ان کی خدمات کے عوض ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شیلا جیکسن لی کے انتقال پر دکھ کا اظہارکیا ہے۔ ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے  تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا شیلا جیکسن نے خواتین اور بچوں سمیت  انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھائی۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کیلئے شیلا جیکسن کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان میں 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران ان کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی کی وفات پر افسوس کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ان کا کردار برسوں یاد رکھا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شیلا جیکسن کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ویب سائیٹ ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ شیلا جیکسن کے انتقال  کی خبر سن کر  رنجیدہ ہوں، شیلا جیکسن کی جمہوریت اور پاکستان کے عوام سے وابستگی طویل تھی۔ دعاگو ہوں، شیلا جیکسن کو ابدی زندگی میں سکون عطا ہو۔ یوسف رضا گیلانی‘ اسحاق ڈار اور ایاز صادق نے شیلا جیکسن لی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شیلا جیکسن لی کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ شیلا جیکسن پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن