غزہ، مزید 37 فلسطینی شہید: پولیو سے نمٹنے کیلئے جنگ بندی ضروری، عالمی ادارہ صحت
غزہ (نوائے وقت رپورٹ) غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔ شیخ رضوان ‘ البریج‘ النصیرات پناہ گزین کیمپ اور خان یونس میں گھروں پر بمباری کی گئی۔ 24 گھنٹوں میں 33 فلسطینی شہید 54 زخمی ہو گئے۔ جبالیہ میں اسرائیلی حملے میں فلسطینی صحافی اس کی بیوی اور بچے شہید ہو گئے۔ 9 ماہ سے جاری جنگ میں 161 صحافی غزہ میں شہید ہو گئے۔ نصیرات پناہ گزین کیمپ پر حملے میں صحافی کیمرہ مین زخمی ہو گیا۔ غزہ بے گھر فلسطینیوں کیلئے جہنم بن گیا۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا پولیو وائرس سے نمٹنے کیلئے جنگ بندی ضروری ہے۔ شہداء کی تعداد 38848 ہو گئی۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے صہیونی قبضہ جنگی جرم اور نیتن یاہو سے متعلق پاکستان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے یہ بیان صہیونیوں کے ہاتھوں نسل کشی کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کی حمایت ہے۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا پاکستانی اعلان مسلمانوں کے بنیادی مقصد کی حمایت میں تاریخی مؤقف ہے، تمام ممالک فاشسٹ قابض اسرائیلی ریاست کا بائیکاٹ کرنے کے اقدامات کریں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے عالم اسلام فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ تمام ممالک صیہونی ریاست پر غزہ میں جاری نسل کشی روکنے کیلیے ہر ممکن دباؤ ڈالیں۔