190 ملین پاؤنڈ کیس، اعظم خان کے بیان پر وکلاء صفائی کی جرح مکمل
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت۔ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے بیان پر وکلاء صفائی کی جرح مکمل جبکہ سابق وزرا زبیدہ جلال اور پرویز خٹک پربانی پی ٹی آئی کے وکلا نے جرح کی کیس کی سماعت 22جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ زبیدہ جلال اور پرویز خٹک کے بیانات پر جرح مکمل کی، زبیدہ جلال اور پرویز خٹک پر بشریٰ بی بی کے وکلاء آئندہ سماعت پر جرح مکمل کریں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید دو گواہ بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیے۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو انگریزی روزنامہ فراہم کرنے کی درخواست دائرکی گئی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس سے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید احمد، علی امین گنڈاپور، زرتاج گل اور دیگر کو تھانہ آبپارہ میں آزادی مارچ کے تناظر میں درج مقدمہ سے بری کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ تحریری فیصلہ میں کہاگیا ہے کہ ملزموں پر الزام ہے کہ وہ دیگر نامعلوم افراد کے ساتھ حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے ڈی چوک پر چڑھائی کر رہے تھے۔ حیرت کی بات ہے کہ 50،70 افراد کے حملے سے پولیس کا کوئی اہلکار زخمی نہ ہوا، ایف آئی آر میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر پر کارکنوں کو پرتشدد کارروائیوں کیلئے اکسانے کا الزام ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی اور دیگر قائدین کے خلاف کارکنوں کو اکسانے کے شواہد و نتائج فراہم نہیں کیے گئے۔