پشاور پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، اہلکار شہید
پشاور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پشاور کے نواحی علاقے ارمڑ میں چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے سنائپر گن سے فائر کیے جبکہ جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے، واقعہ رات گئے پیش آیا۔ شہید کانسٹیبل سعید اللہ کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ میں سی سی پی او قاسم علی، ایس ایس پیز سمیت دیگر پولیس افسروں نے شرکت کی۔ گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے دہشتگردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ملک و قوم کا فخر ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ ارنڈو خوڑ پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل سعید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل سعید کے خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل سعید اللہ نے ادائیگی فرض کے دوران جان کا نذرانہ دے کر شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا۔ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہید کانسٹیبل سعید کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پی کے پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پوری قوم ایک ہے اور ہر سطح پر غیرمعمولی عزم کا اظہار کیا ہے۔