• news

نیا توشہ خانہ ریفرنس:  بانی پی ٹی آئی، اہلیہ کا شامل تفتیش ہونے سے انکار، آج عدالت پیش کیا جائیگا

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نیب ریفرنس میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا۔ اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم ڈھائی گھنٹے تک جیل کے تفتیشی روم میں ملزموں کا انتطارکرتی رہی۔ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو متعدد پیغام بھجوائے، پیغامات کے باوجود دونوں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم ڈھائی گھنٹے انتظار کے بعد واپس لوٹ گئی۔ نیب ڈپٹی ڈائریکٹر مستنصر شاہ نے دونوں سے تفتیش کرنی تھی۔ جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے قیمتی جیولری سیٹ سے متعلق تفتیش کرنا تھی۔ آج صبح بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا جائے گا۔ نیب ٹیم اڈیالہ جیل میں اڑھائی گھنٹے موجود رہی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث شامل تفتیش ہونے سے انکار پر نیب ٹیم واپس چلی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کسٹڈی میں ہونے کے باوجود ملزمان کا شامل تفتیش ہونے سے انکار سوالیہ نشان ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق تفتیش مکمل نہ ہونے پر نیب کی جانب سے مزید ریمانڈ لیے جانے کا امکان ہے، تفتیش سے متعلق نیب کی جانب سے پیشرفت رپورٹ آج عدالت پیش کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن