• news

مقبوضہ کشمیر: بھارت نے اظہار رائے، سیاسی سرگرمیوں سمیت تمام حقوق چھین لئے: حریت کانفرنس

سرینگر(این این آئی)  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت نے محصورکشمیریوں سے اظہاررائے اور سیاسی سرگرمیوں کے حقوق سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت جموں وکشمیر کے لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے اور آزادی کے ساتھ اپنی بات کہنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی بلکہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو ہراساں کرنے کے لئے طاقت اور کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ فوج اور پولیس کے ساتھ ملکر بی جے پی حکومت نے ایک طرف میڈیاپر پابندیاں عائدکر رکھی ہیں اور دوسری طرف سیاسی قیادت کو دھمکایا جارہا ہے کہ اگر انہوں نے کشمیردشمن پالیسیوں کے خلاف کوئی آواز اٹھائی تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ترجمان نے کہا کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی چھتری تلے ہندتواتنظیموں کے خفیہ ایجنڈے نے بھارتی فورسزکی مدد سے کشمیریوں کی معیشت کو کمزور کیا ہے اور ان سے قدرتی وسائل سمیت تمام وسائل چھین لیے ہیں۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرکے خوف ودہشت کے ماحول میں ہر کشمیری کو گھٹن محسوس ہورہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگ 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی طرف سے پیدا کردہ سنگین صورتحال میں زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیاگیا کہ مودی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور اسے ایک بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں کیونکہ یہ روزانہ کی بنیاد پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران عام لوگوں کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بناتی ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی حکام مقبوضہ علاقے میں شہریوں کو اندھادھند طریقے سے گرفتار کر رہے ہیں اور ان کے خلاف کالے قوانین نافذ کر رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی اور اس کے حواریوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیریوں کے خلاف ان کے ظالمانہ ہتھکنڈے الٹے پڑجائیں گے کیونکہ کشمیری تمام ترمشکلات کے باوجود بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے محصور عوام کو بچانے کے لیے  آگے آنا چاہیے اور اقوام متحدہ کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن