فلسطینیوں پر تشدد کرانے میں ملوث 2 اسرائیلی وزراء پر امریکی پابندی متوقع
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے نہتے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے لیے اکسانے پر اسرائیلی حکومت کے دو انتہا پسند وزراء پر پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ اور قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر کے مغربی کنارے میں پْرتشدد عزائم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایسی رپورٹ ہیں، مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو بلاجواز تشدد کا نشانہ بنانے پر امریکی وارننگ کے باوجود بعض اسرائیلی وزرا یہودی آبادکاروں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔