• news

علاج، تعلیم عام آدمی کا حق، سیاست نہیں کرنی چاہئے، نام نہاد منصف نے کڈنی لیور ہسپتال تباہ کرنیکی سازش کی: شہباز شریف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مستحق مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت اور جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،  جناح میڈیکل کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ خطے کا  ایک شاندار اور بے مثال ہسپتال ہوگا، عام آدمی کی ترقی و خوشحالی میں سیاست نہیں کرنی چاہئے، تعلیم و علاج کا حق بغیر کسی مشکل کے دہلیز پر ملنا غریب آدمی کا حق ہے ، پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ  پی کے ایل آئی  بہترین  ہسپتال ہے،  تاریخ کا دلخراش واقعہ ہے نام نہاد  منصف نے سازش کر کے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ اتوار کو جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نوازشریف کی قیادت اور مخلوط حکومت کا جڑواں شہروں کے لئے ہی نہیں بلکہ کے پی،کشمیر ،گلگت بلتستان کے مریضوں کے لئے بھی تحفہ ہوگا۔یہاں نرسنگ سکولز اور جدید لیب بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس جدید ہسپتال میں پیچیدہ ترین امراض کا علاج ہوگا۔آغا خان فائونڈیشن نے اس سنٹر کی تمام کنسلٹنسی بلامعاوضہ دی ہے جس پران کے مشکور ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے کئی دہائیوں سے صحت کے شعبہ اور پاکستان کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کیاہے۔انہوں نے کہا کہ اس کمپلیکس کے لئے 600 کنال اراضی مختص کی گئی ہے جبکہ 200  کنال کا کمرشل سنٹر بھی اس ہسپتال کے نام کیا ہے، اس کی آمدن اس ہسپتال کے بننے والے ٹرسٹ میں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی ماڈل ہے جس کا نوازشریف نے اجراء کیاتھا کہ عام پاکستانی کے لئے علاج مفت ہو۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ہر پاکستانی کا حق ہے۔ پی کے ایل آئی نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کا بہترین ہسپتال ہے۔تاہم ایک سازش کرکے اس منصوبے کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ٹرسٹ سے ہٹاکر محکمہ صحت کے حوالے کیاگیا۔اس ہسپتال میں ہزاروں مریضوں کا مفت ٹرانسپلانٹ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں مستحق مریضوں کو سو فیصد مفت علاج کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔تاہم صاحب حیثیت لوگوں کو علاج پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔یہاں میڈیکل سکول قائم کیاجائیگا۔ یہاں ایمرجنسی میں ائیر ایمبولنس دستیاب ہوگی۔ منصوبے کی ایک سال میں تکمیل کی ہدایت کی ہے،یہاں 24 گھنٹے کام ہوگا۔اسی طرح آئی ٹی پارک بھی اس سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے علی رندھاوا نے اس منصوبے کے لئے فوری اراضی فراہم کی ہے ان کے مشکور ہیں،ہسپتال میں امیر وغریب کو یکساں صحت کی سہولیات میسر آسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ اس مرکز کے متاثرین کو ون ونڈو کے تحت سہولیات دیں۔ان کو ان کی اراضی کی مارکیٹ پرائس دیں گے۔اس خواب کی تعبیر مل کرکریں گے۔کمپلیکس کثیرالمنزلہ ہوگا۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ریکارڈ مدت میں اس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے۔اسلام آباد میں اہم منصوبے ہمارے ادوار میں مکمل ہوئے ہیں۔رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا کہ پنجاب بھر میں شہباز شریف نے نئے ہسپتال بنائے،اس سے سب سے زیادہ کے پی کے لوگ مستفید ہوں گے۔رکن اسمبلی راجہ خرم نواز نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگوں سے کئے گئے وعدہ کو وزیر اعظم نے پورا کیاہے۔ رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ اہلیان اسلام آباد ، اہلیان حلقہ این اے 46 اسلام آباد کی طرف سے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں  جناح میڈیکل کمپلیکس کی صورت میں ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن