حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب‘ ہڑتال ختم فلور ملز کمشن سسٹم کے تحت آٹا فروخت کریں گی
لاہور (کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) حکومت اور فلور ملز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی۔ حکومت نے ساڑھے 5 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کی شرط ختم کر دی۔ فلور ملز کمشن سسٹم کے تحت آٹا فروخت کریں گی۔ فلور ملز پر انکم ٹیکس ایکٹ کا سیکشن 153 اے لاگو نہیں ہو گا۔ آٹا ڈیلرز اور پرچون فروش فلورملز کا آٹا فروخت کرنے پر فی تھیلا کمشن لیں گے، کمشن کی رقم پر انکم ٹیکس ایکٹ کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو ہو گا جن ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی سالانہ سیل 10 کروڑ سے کم ہے وہ آئندہ برس ود ہولڈنگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے۔ آئندہ مالی سال کے فنانس بل میں آٹا کاروبار پر ٹیکس اصلاحات کو شامل کیا جائے گا۔ مذاکرات کی صدارت وفاقی وزیر احد چیمہ نے کی مذاکرات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت علی پرویز ملک، چیئرمین ایف بی آر شامل، فلور ملز ایسوسی ایشن کے سنٹرل چیئرمین عاصم رضا سمیت چاروں صوبوں کے چیئرمین شریک ہوئے۔