افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام ‘ 3 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی ) سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشت گردوں نے 21 اور 22 جولائی کی درمیانی شب ضلع دیر میں افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو کامیابی سے گھیرے میں لے لیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاکستان افغانستان سے متواتر اپنے بارڈر کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کرتا آیا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال سے روکے گی، توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاکستانی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدیں محفوظ بنانے کے لیے پْرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔