برازیلین نیول چیف کا ایڈمرل نوید‘ جنرل ساحر سے دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) برازیل بحریہ کے چیف آف سٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سنتانا مینڈس نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ترجمان نیوی کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چیف آف دی نیول سٹاف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ برازیل بحریہ کے چیف آف سٹاف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ بحری اشتراک اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں بحری افواج کے درمیان تربیت، دوروں کے تبادلے اور دو طرفہ بحری مشقوں کے انعقاد سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی گئی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی حمایت میں پاک بحریہ کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ ادھر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے برازیلین نیول چیف ایڈمرل آندرے لوئس سلوا لیما ڈیسانتانا مینڈیز نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور میری ٹائم سکیورٹی‘ دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برازیلین نیول چیف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اور افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔